ٹی ایس ایلیٹ: جدیدیت کا علمبردار
جدیدیت پسند امریکی-انگلش مصنف جسے بیسویں صدی کے عظیم ترین شعرا میں سے ایک خیال کیا جاتا ہے۔ اس کی مشہور ترین نظم ’’ویسٹ لینڈ‘‘ (1922ء) اپنے عہد کے معاشرے کا ایک تجزیہ ہے۔ ایلیٹ نے ڈرامے اور ادبی تنقید بھی لکھی۔ 1948ء میں اسے نوبیل انعام برائے ادب ملا۔
ٹی ایس ایلیٹ سینٹ لوئس، میسوری میں پیدا ہوا اور وسیع، خوشحال اور ممتاز گھرانے کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا۔ ایلیٹ کا باپ ہنری ویئر ایلیٹ ایک کامیاب بزنس مین اور ماں شارلوٹ سٹرنز نثر و مذہبی شاعری لکھتی تھی۔ ایلیٹ نے بوسٹن سے باہر ایک بورڈنگ سکول میں تعلیم حاصل کی اور 1909ء میں انڈر گریجوایٹ ڈگری حاصل کر لی۔ پھر اس نے ہارورڈ میں جارج سانتیانا کے پاس فلسفہ کا مطالعہ جاری رکھا۔ 1910ء میں ایم اے فلسفہ کرنے کے بعد اس نے پیرس میں ادب اور زبانوں کا مطالعہ کیا۔ تب وہ آکسفرڈ گیا اور انگلینڈ میں اقامت اختیار کی۔
وہاں اس کی دوستی امریکی شاعر ایذرا پاؤنڈ کے ساتھ ہوئی۔ 1922ء میں ایلیٹ نے ایک سیاسی جریدہ ’’The Criterion‘‘ نکالنا شروع کیا جسے 1939ء تک ایڈٹ کرتا رہا۔ 1925ء میں وہ پبلشنگ کمپنی فیبر اینڈ گوائیر میں شامل ہوا جس کا نام بعد ازاں فیبر اینڈ فیبر ہو گیا۔ 1920ء کی دہائی کے اواخر اور 1930ء کی دہائی کے دوران ایلیٹ نے برطانیہ و امریکہ میں لیکچر دیے، پڑھایا اور لکھا۔ 1927ء میں وہ برطانوی شہری بنا اور یونی ٹیریئن چرچ کو چھوڑ کر چرچ آف انگلینڈ کو ماننے لگا۔
ٹی ایس ایلیٹ کا ابتدائی ترین شاہکار ’’The Love Song of J. Alfred Prufrock‘‘ 1915ء میں ایک ادبی میگزین میں شائع ہوا۔ یہ نظم قوت فیصلہ کی معدومی اور چہرے مہرے کے متعلق پریشان ایک بزدل شخص کی روح کا تجزیہ ہے۔ دو اور مشہور ابتدائی نظمیں ’’Sweeney Among the Nightingales‘‘ (1919ء) اور ’’Gerontion‘‘ (1920ء) ہیں۔ مؤخر الذکر نظم زیادہ طویل اور عظیم نظم دی ویسٹ لینڈ کا ابتدائیہ ثابت ہوئی۔
ایلیٹ کو 1922ء میں ’’دی ویسٹ لینڈ‘‘ کی اشاعت پر دنیا بھر میں شہرت ملی جس میں ایذرا پاؤنڈ نے کافی کاٹ چھانٹ کی۔ یہ نظم پانچ حصوں پر مشتمل ہے اور اس نے جدید نظم میں ایک نیا سیر بینی انداز متعارف کروایا۔ نظم روحانی تسکین کے لیے ایک فرد کی سرتوڑ جستجو کو سلسلہ وار انداز میں پیش کرتی ہے۔ جستجو کی غیر مختتم نوعیت اس کا نتیجہ ہے۔ دی ویسٹ لینڈ ادبی و اساطیری حوالوں سے بھرپور ہے جو اسے ایک ہمہ گیر نظم کا درجہ دلاتے ہیں۔
چرچ آف انگلینڈ کا پیروکار بننے کے بعد ایلیٹ کی شاعری میں متانت اور مذہبی انکساری کا ایک عنصر داخل ہوا۔ ’’Ash Wednesday‘‘ (1930ء) دکھاتی ہے کہ زندگی جذباتی لحاظ سے کس قدر تباہ کن ہو سکتی ہے۔ ’’Four Quartets‘‘ (1943ء) نامی مجموعہ چار نظموں پر مشتمل ہے: ’’Burnt Norton‘‘ (1935ء)، ’’East Coker‘‘ (1940ء)، ’’The Dry Salvages‘‘ (1941ء) اور ’’Little Gidding‘‘ (1942ء)۔ یہ چاروں نظمیں باہم مربوط ہونے کے باوجود الگ الگ بھی پڑھی جا سکتی ہیں۔ ان میں محبت، انصاف، شاعرانہ تخلیق کا مسئلہ، تاریخ اور زمانے کو موضوع بنایا گیا ہے۔
انجام کار ایلیٹ نظموں کو چھوڑ کر ڈراموں کی جانب توجہ دینے لگا۔ اس نے لیکچر دینا بھی شروع کیے۔ 1943ء میں اُس نے شاعری بالکل ہی چھوڑ دی اور اگلے بیس سال کے دوران مختلف اصناف سخن کو آزمایا۔ اس کا ابتدائی ترین ڈرامہ ’’Sweeney Agonistes‘‘ (1932ء) تھا۔ دو دیگر مشہور ڈراموں میں ’’The Rock‘‘ (1934ء) اور ’’Murder in the Cathedral‘‘ (1935ء) شامل ہیں۔
اپنے مضامین اور لیکچرز میں ایلیٹ نے جدید ادبی تنقید پر عمیق اثرات مرتب کیے۔ مجموعۂ مضامین ’’The Sacred Wood‘‘ (1920ء) میں وہ زور دیتا ہے کہ نقاد کو ایک مضبوط تاریخی تفہیم کا حامل ہونا چاہیے، اور وہ فن کی تخلیقی مشق میں غیر جانب دار بھی رہے۔ The Criterion کے ایڈیٹر کی حیثیت میں اس نے پال ویلری اور مارسل پراؤسٹ سمیت متعدد ممتاز ادیبوں کے لیے ادبی فورم مہیا کیا۔ موت کے سولہ برس بعد ایلیٹ کی کچھ نظمیں ایک براڈوے میوزیکل کی صورت میں ظاہر ہوئیں۔ اگرچہ ایلیٹ اور اس کی شاعری کو سامیت مخالفت، نسل پرستی اور سیکس ازم کے عناصر کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا، لیکن زیادہ تر لوگ اب بھی اسے جدید ادب کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک سمجھتے ہیں۔