ایک اہم عالمی مذہب بدھ مت کی بنیاد شمال مشرقی ہندوستان میں گوتم بدھ کی تعلیمات پر رکھی گئی۔ اس کا آغاز اس دور کی غالب برہمن روایت کے اندر ہوا اور پھر ایک جداگانہ سمت اختیار کر لی۔ بدھ نے نہ صرف ہندو فلسفہ کے نمایاں پہلوؤں کو مسترد کر دیا، بلکہ برہمنوں کی حاکمیت کو بھی چیلنج کیا، ویدک صحائف کو مستند ماننے سے انکار کیا اور ان پر مبنی قربانیوں کے مسلک کو نظر انداز کر دیا۔ نیز اس نے اپنی نئی تحریک میں تمام ذاتوں کے افراد کو شامل کیا۔
عیسوی دور کے اوائل میں بدھ مت وسط ایشیا میں پہنچا اور پھر چین میں داخل ہوا۔ کنفیوشس پسندوں کی مخالفت اور سرکوبی کے باوجود بدھ مت نے جڑیں پکڑ لیں اور چینی ثقافت و انداز حیات پر اثرات مرتب کیے۔ 845ء کی تادیبی کارروائیوں نے چین میں بدھ مت کا غالب اثر ختم کیا، مگر زین یا چان (دھیان) فرقے بدستور اہمیت کے حامل رہے۔ زَین نے بدھ کی داخلی فطرت کی اچانک بصیرت حاصل کرنے کے لیے مراقبہ پر زور دیا۔ ہندوستانی بھکشو بودھی دھرم نے اس کی بنیاد رکھی جو 520ء میں چین آیا۔
سماجی لحاظ سے لاپروائی کے الزامات کے جواب میں بودھ بھکشوؤں نے مختلف سماجی فلاحی منصوبوں میں شرکت کی۔ اگرچہ آٹھویں تا بارھویں صدیوں کے دوران میں ہندوستان میں بدھ مت کافی حد تک ختم ہو گیا، لیکن 1956ء میں بھیم راؤ رام جی امبیڈکر کی زیر قیادت 35 لاکھ اچھوتوں کو مذہب میں داخل کرنے کے باعث چھوٹی سطح پر اس میں ایک نئی روح پھونکی گئی۔ سری لنکا میں بھی انیسویں صدی کے دوران میں ایسا ہی ایک احیائے نو ہوا تھا۔
سِدھاتشا ایک بودھ بھکشو، مبلغ اور متعدد کتابوں کے مصنف تھے۔ وہ سری لنکا کے شمال مغرب میں ایک چھوٹے سے جھونپڑے میں پیدا ہوئے۔ بارہ سال کی عمر میں باقاعدہ بدھ مت سلسلے میں شمولیت اختیار کی۔ ابتدائی تعلیم مقامی سکول میں حاصل کرنے کے بعد کولمبو چلے گئے اور اعلیٰ تعلیمی کارکردگی دکھائی۔ اُنھوں نے ایڈنبرگ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کر کے متعدد یونیورسٹیوں میں پڑھایا۔ وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں بودھی سٹڈیز کے وزیٹنگ لیکچرر رہے۔ لندن یونیورسٹی نے اُنھیں پالی ٹیکسٹ سوسائٹی کا نائب صدر بنایا۔ دیگر کتب درج ذیل ہیں: Before He Was Buddha؛ The Life of Siddhartha؛ Buddhist Ethics؛ A Buddhist’s Manual اور Facets of Buddhism۔

