جب بھی کوئی شخص گیارہ جلدوں پر محیط ’’تہذیب کی تاریخ‘‘ لکھنے کی خاطر نصف صدی تک تحقیق کرتا اور قلم اٹھاتا ہے تو ظاہر ہے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ اس نے اپنی محنت سے کیا نتائج اخذ کیے ہیں؛ اس کے خیال میں کونسے عہد، کونسے افراد اور کارنامے نمایاں ہیں۔ مثلاً انسانی تاریخ میں عظیم ترین مفکروں کی فہرست میں کس کس کو شمار کرتا ہے؟ کونسے شاعر اس کے خیال میں واقعتا عظیم ہیں؛ ایسے شاعر جن کے چھیڑے ہوئے نغمے سینکڑوں ہزاروں برس بعد بھی کانوں میں گونج رہے ہیں؟ اور کونسی قطعی بہترین کتب ایسی ہیں جنہیں بامعنی اور مفید تعلیم حاصل کرنے کے لیے لازماً پڑھنا چاہیے؟ ڈیورانٹ نے اپنے کیریئر کے دوران اس بڑھتے ہوئے عوامی مطالبے کا جواب دینے کے لیے قلم اٹھایا اور مضامین کا ایک سلسلہ تحریر کیا۔ ان مضامین میں ’’دس عظیم ترین مفکر،‘‘ ’’دس عظیم ترین شاعر،‘‘ ’’تعلیم کے لیے ایک سو بہترین کتب،‘‘ ‘‘انسانی ترقی کے دس اعلیٰ ترین موقعے‘‘ اور ’’تاریخ عالم کے بارہ اہم ترین واقعات‘‘ شامل ہیں۔ ان میں سے کچھ مضامین جریدہ میں شائع ہوئے، جبکہ دیگر لیکچرز کی صورت میں پیش کیے گئے۔ تاہم، اگر اتفاقاً ان میں سے کوئی جریدے آپ کے ہاتھ نہیں لگ جاتا، یا ان لیکچرز میں شریک ہونا آپ کے نصیب میں نہیں تھا تو ان معاملات میں اس کے اخذ کردہ نتائج معلوم کرنا ناممکن تھا۔ خوش قسمتی سے یہ تمام مضامین زیر نظر کتاب میں یکجا کر دیے گئے ہیں۔
عظیم ترین ذہن اور نظریات
The Greatest Minds and Ideas
ول ڈیورانٹ/ Will Durant
پبلشر: نگارشات پبلشرز، لاہور