ایڈورڈ سعید نے 1978ء میں ’’Orientalism‘‘ کی اشاعت کے کوئی پانچ برس بعد ثقافت اور ایمپائر کے درمیان عمومی تعلق کے حوالے سے کچھ تصورات کو مجتمع کرنا شروع کیا جو اس کتاب کو لکھنے کے دوران اُس پر عیاں ہوئے تھے۔ پہلا نتیجہ لیکچرز کا ایک سلسلہ تھا جو اُس نے 1985ء اور 1986ء میں یو ایس، کینیڈا اور انگلینڈ میں دیے۔ یہ لیکچر اس تصنیف کا محور ہیں۔ بشریات، تاریخ اور علاقائی مطالعات میں بہت سے تحقیقاتی کام نے ان دلائل کو ترقی دی جو اس نے ’’Orientalism‘‘ (جو صرف مشرقِ وسطیٰ تک محدود تھی) میں پیش کیے۔ چنانچہ یہاں سابقہ تصنیف کے مباحث کو وسعت دے کر جدید میٹروپولیٹن مغرب اور اس کے سمندر پار علاقوں کے درمیان تعلق کی زیادہ عمومی روش بیان کی ہے۔
ایڈورڈ سعید نے اپنی تحریروں اور لیکچرز کے ذریعے بالخصوص عربوں کو دیکھنے کے مغربی انداز اور مشرق وسطیٰ میں یو ایس خارجہ پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا؛ اور وہ فلسطینیوں کے نصب العین کا پرزور حمایتی رہا۔ سعید یروشلم کے ایک خوشحال فلسطینی عیسائی گھرانے میں پیدا ہوا۔ 1947ء میں فلسطین کی تقسیم ہونے پر اس کا خاندان قاہرہ، مصر چلا گیا۔ اس نے امیریکن سکول اور وکٹوریہ کالج قاہرہ میں تعلیم حاصل کی۔ 1957ء میں پرنسٹن یونیورسٹی سے ڈگری لینے کے بعد اس نے ہارورڈ یونیورسٹی میں انگلش ادب پڑھا اور 1960ء میں ایم اے جبکہ دو سال بعد پی ایچ ڈی کر لی۔ 1963ء میں وہ کولمبیا یونیورسٹی میں پڑھانے لگا اور باقی ساری زندگی وہیں انگلش و تقابلی ادب پڑھاتے ہوئے گزاری۔ سعید اپنی کتاب ’’Orientalism‘‘ (1978ء) کے لیے خاص طور پر مشہور ہے۔ دیگر اہم تصانیف مندرجہ ذیل ہیں: Culture and Imperialism (93))، Covering Islam (81)، The Politics of Dispossession (94)، Out of Place (99) اور Reflections on Exile (2001)۔