انگلش زبان میں آزادی کے لیے کئی الفاظ رائج ہیں۔ بلکہ یوں کہنا مناسب ہو گا کہ انگلش میں آزادی کے لیے کئی الفاظ موجود ہیں، لیکن اُردو میں اُن سب کے لیے ہمارے پاس لفظ آزادی یا حریت ہی ہے۔ الفاظ تصورات کے ساتھ بنتے ہیں اور تصورات الفاظ کے پروردہ ہوتے ہیں۔

Emancipation کا لفظ فرانسیسی سے آیا۔ تاریخی تناظر میں اِس کا مطلب ہے غلامی سے نکلنا۔

لفظ Freedom قدیم انگلش میں جرمن سے آیا۔ اِس کی جڑ کا تعلق ہندی-یورپی شاخ سے بتایا جاتا ہے۔ سنسکرت کا پریہ یا محبوب بگڑ کر یا تبدیل ہو کر جرمن کا frijaz بنا۔ اِسی طرح کا تعلق daughter اور دوہتری یا دختر میں بھی پایا جاتا ہے۔

Liberty لفظ لاطینی سے انگلش میں آیا اور معنی ’’آزاد‘‘ ہے۔ لیکن اِس کا مطلب کتاب بھی ہے۔ شاید تحریر اور حریت کا بھی ایسا ہی تعلق ہو۔ اِس بارے میں کوئی عربی دان ہی بتا سکتا ہے۔

Independence بھی لاطینی الاصل ہے۔ لاطینی زبان میں dependere کا مطلب ’’سے لٹکا ہونا‘‘ بتایا جاتا ہے، اور in نفی کے لیے لگاتے ہیں۔ فرانسیسی میں یہ independentia بن گیا اور غالباً وہیں سے انگلش میں آیا ہو گا۔

Autonomy یونانی زبان کے دو الفاظ کا مرکب ہے۔ Autos ’’خود‘‘ ہے اور Nomos قانون، حکومت یا یا گورننس۔

Sovereignty کا مادہ بھی لاطینی ہے اور اِس کا super سے تعلق ہے جس کا مطلب ’’بالا‘‘ یا ’’اوپر‘‘ بنتا ہے۔ انگلش نے یہ لفظ فرانسیسی سے لیا ہو گا۔

Self-determination بھی ملتے جلتے معنوں میں استعمال ہوتا ہے لیکن یہ ایک تصور کی بجائے کچھ اور صورت رکھتا اور غالباً Autonomy کا ہی ہم معنی سمجھنا چاہیے۔

اُردو میں ہمارے پاس چھٹکارا، نجات، آزادی اور حریت ہی ہیں۔ ایک شیعہ دوست کا کہنا ہے کہ حریت ’’حُر‘‘ کی نسبت سے بنا۔

ایک دفعہ اپنے کزن کے ساتھ دکان پر ناشتہ کرنے گیا تو دکان دار سے پوچھا کہ کیا کچھ ہے: اُس نے جواب دیا، حلیم ہے اور پائے ہیں۔ میرے کزن نے مجھ سے پوچھا: بتاؤبھئی ’’ہے‘‘ کھانا ہے یا ’’ہیں؟‘‘ اِسی طرح میں آپ سے پوچھ سکتا ہوں کہ لاطینی والا کوئی لفظ چاہیے یا فرانسیسی والا؟ کیونکہ اُردو کی آزادی تو تصورات کو خلط ملط کیے بیٹھی ہے۔ اگلے ماہ آپ نے یوم آزادی منانا ہے تو وہ Independence کا دن ہے، اُسے Freedom یا Emancipation نہ سمجھ بیٹھیں۔ بس اب آپ لٹکے نہیں ہوئے۔

اردو کا آزاد فارسی کی دین ہے، جس کے آگے ی لگا کر ہم نے abstract noun آزادی بنا لیا۔ ویسے انگریزوں کی آمد سے پہلے ہمارے ہاں سیاسی لحاظ سے اِس لفظ کا شاید ہی کوئی استعمال تھا۔ ہمیں فریڈم سے پہلے emancipation کی ضرورت ہے۔

Yasir Jawad/یاسر جواد

شیئر کریں